الیکشن کمیشن کے مطابق حکمران جماعت امیر ترین سیاسی جماعت قرار

پاکستان تحریک انصاف فائل فوٹو پاکستان تحریک انصاف

الیکشن کمیشن کے مطابق حکمران جماعت امیرترین سیاسی جماعت قرار پائی ، تحریک انصاف 31 کروڑ 66 لاکھ مالیت کے اثاثوں کی مالک ہے جبکہ ن لیگ کے اثاثوں کی مالیت 25 کروڑ 33 لاکھ 77 ہزار955 روپے ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے 81 سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی گئیں، جس میں بتایا گیا حکمران جماعت امیر ترین سیاسی جماعت ہے، تحریک انصاف31 کروڑ 66 لاکھ مالیت کے اثاثوں کی مالک ہے۔

دستاویز میں کہا گیا پی ٹی آئی کےاثاثوں میں ایک سال کےاندر 22 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا جبکہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ وصول نہیں کی، سمندرپار پاکستانیوں سے6 کروڑ 58 لاکھ سے زائد کے فنڈزلیے۔

دستاویزات کے مطابق تحریک انصاف نے 1 کروڑ 26 لاکھ امریکا میں مقیم پاکستانیوں اور 4 کروڑ 92 لاکھ کا فنڈ برطانیہ میں پاکستانیوں سے وصول کیا، تحریک انصاف نے پارٹی کے 6 اکاؤنٹس الیکشن کمیشن میں ظاہر کیے۔

مسلم لیگ ن دوسرے نمبر پر ہے ، ن لیگ کےاثاثوں کی مالیت 25 کروڑ 33 لاکھ 77ہزار 955 روپے ہے، مسلم لیگ ن نے پارٹی ٹکٹس 11 کروڑ 97 لاکھ میں دیے اور ایک سال میں ن لیگ کے اثاثوں میں 2 کروڑ سے زائد کا اضافہ ہوا۔

دستاویز کے مطابق پیپلزپارٹی کے پاس 16 کروڑ 70 لاکھ سے زائد کا بینک بیلنس ہے، پیپلزپارٹی نے 9 کروڑ 37 لاکھ سے زائد ٹکٹوں کی مد میں وصول کیے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے تحریک لبیک پاکستان کو چندے کی مد میں 50 لاکھ روپے ملے جبکہ ق لیگ 4 کروڑ 99 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کی مالک ہے۔

شیخ رشیدکی عوامی مسلم لیگ غریب ترین سیاسی جماعتوں میں شامل

دستاویزات کے مطابق شیخ رشیدکی عوامی مسلم لیگ غریب ترین سیاسی جماعتوں میں شامل ہوگئی ہے، عوامی مسلم لیگ صرف 1 لاکھ 38 ہزار روپے اثاثوں کی مالک ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کو 1 کروڑ 75 لاکھ روپے کا چندہ ملا جبکہ جماعت اسلامی 10 کروڑ 63 لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک ہے۔

install suchtv android app on google app store