وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، عمر ایوب کو وزیر پٹرولیم کا اضافی چارج دے دیا

وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس فائل فوٹو وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس

وزیر اعظم عمران خان نے وزیر توانائی عمر ایوب خان کو وزیر پٹرولیم کا اضافی چارج دے دیا جبکہ معاشی ٹیم کو مہنگائی سے نمٹنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔ مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اسد عمر ناراض نہیں ہیں ، وہ جلد واپس آئیں گے، اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے لیکن اگر انہوں نے پارلیمنٹ کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کی تو مسائل ہوں گے۔

بنی گالہ میں عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمارے اوپننگ کھلاڑی حفیظ شیخ کو کچھ ٹارگٹس دیے گئے ہیں جبکہ معاشی ٹیم کو معاشی بحران اور مہنگائی سے نمٹنے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے، عمر ایوب کو وزارت پٹرولیم کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ مختلف وزارتوں کو مختلف ٹارگٹ دیے گئے ہیں تاکہ رمضان میں لوڈ شیڈنگ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ مل کر جوائنٹ سٹریٹجی اپنائی جائے۔

اسد عمر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات نے کہا کہ منایا اس کو جاتا ہے جو روٹھتا ہے جو ٹیم کا اہم کھلاڑی ہوتا ہے اسے منانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اسد عمر بہت جلد واپس آجائیں گے اور عمران خان کا دفاع کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

’کیا آپ کا رویہ بھی اپوزیشن کے ساتھ فواد چوہدری جیسا ہوگا‘ اس سوال کے جواب میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کے بغیر پارلیمنٹ چل نہیں سکتی، انہیں ساتھ لے کر چلیں گے اور اگر ان کے پاس مثبت تجاویز ہیں تو انہیں سنا جائے گا لیکن اپوزیشن کو بھی اپنا کردار ذمہ داری سے ادا کرنا ہے ۔ اگر وہ پارلیمنٹ کو ہائی جیک کریں گے اور قانون سازی نہیں ہونے دیں گے تو مسائل پیدا ہوں گے۔

install suchtv android app on google app store