اورنج لائن ٹرین: سپریم کورٹ نے سیکریٹری فنانس، سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو طلب کرلیا

سپریم کورٹ میں اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ کیس کی سماعت ہوئی ہے فائل فوٹو سپریم کورٹ میں اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ کیس کی سماعت ہوئی ہے

سپریم کورٹ میں اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ کیس کی سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ کام نہ ہونے سے منصوبے میں تاخیر ہو رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ کیس کی سماعت کے دوران جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ فنڈزکی وجہ سے منصوبے پر کام نہیں رکنا چاہیے۔

جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ پراجیکٹ کے راستے میں جو آئے اسے ٹریک کا حصہ بنایا جائے، کمپنیاں ذمے داریاں پوری نہیں کریں گی تو پھر کہیں اور جائیں گی۔

جسٹس عظمت نے ریمارکس دیے کہ منصوبے پرکام نہیں ہوگا تو معاملہ نیب بھی بھیجا جا سکتا ہے، جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ کام نہ ہونے سے منصوبے میں تاخیر ہورہی ہے۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ تعمیراتی کمپنیوں نے 15 اپریل تک کام مکمل کرنا تھا، تعمیراتی کمپنیوں نے اپنی یقین دہانی پوری نہیں کی۔

سپریم کورٹ نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سیکریٹری فنانس اور چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ کیس کی سماعت جمعے تک کے لیے ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ رواں سال 9 جنوری کو سپریم کورٹ نے اورنج لائن ٹرین منصوبہ مقررہ تاریخ پر مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔

install suchtv android app on google app store