ریاست مدینہ کا مجوزہ روڈمیپ: اسلامی نظریاتی کونسل آج ایوان صدر مدعو

ایوان صدر فائل فوٹو ایوان صدر

صدر عارف علوی نے ریاست مدینہ کے مجوزہ روڈمیپ پر رہنمائی کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل کو آج ایوان صدر مدعو کرلیا، ملاقات میں ریاست کی ترجیحات پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی نے اسلامی نظریاتی کونسل کے ارکان کو آج ایوان صدر بلا لیا، صدر مملکت کونسل ارکان کے سامنے ریاست مدینہ کا وژن پیش کریں گے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ارکان کونسل سے ریاست مدینہ کے مجوزہ روڈمیپ پررہنمائی لی جائے گی اور ریاست کی ترجیحات پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے علمائےکرام کے وفد نے ملاقات کی تھی ، ملاقات میں علماے کرام کے وفد نے انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمے اور سماجی، اقتصادی ترقی کے لیے حکومتی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا تھا۔

علما‌ء نے “پیغام پاکستان کانفرنس” کی سفارشات کوامن کیلئےمعاون قرار دیتے ہوئے کہا تھا نیوزی لینڈ واقعے کو کسی مذہب سے جوڑنے کی کوشش نہیں کی گئی، دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہے، مسلمانوں کیخلاف بے بنیاد پراپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا ملک میں قیام امن،عوام کے جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اس وقت ملک کو مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے، کوشش ہے ملک کی معیشت کو مضبوط بنائیں ، مضبوط معیشت ملکی ترقی کیلئے بہت ضروری ہے۔

یاد رہے جنوری میں اسلامی نظریاتی کونسل نے جدید دور میں ریاست مدینہ کے قیام کے حوالے سے عملی اقدامات کیلیے حکومت سے ٹاسک فورس تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

install suchtv android app on google app store