نواز شریف کی صحت تشویش ناک ہے، دعا گو ہیں اللہ بہتر کرے: شہباز شریف

شہباز شریف فائل فوٹو شہباز شریف

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت تشویش ناک ہے، ان کی خرابیٔ صحت پر ہم سب اللہ سے دعا گو ہیں کہ نواز شریف جلد صحت یاب ہوں۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اسپیشل بچوں کی پینٹنگ نمائش دیکھنے کے لیے الحمرا آمد کے موقع پر انھوں نے کہا کہ نواز شریف کیس کی کل سماعت ہے، ہم دعا گو ہیں اللہ بہتر کرے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں زندگی میں ہمت نہیں ہارنی چاہیے، حالات چاہے کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں مقابلہ کرنا چاہیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خصوصی بچے معاشرے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، میری بیٹی عائشہ آٹزم سے متاثرہ بچوں کا اسکول چلا رہی ہے، اتنا اچھا کام کرنے پر بیٹی عائشہ پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ چیلنجز کا مقابلہ بہادری کے ساتھ کرنا چاہیے، خیال رہے کہ اس وقت خود شریف برادران کو نیب کی جانب سے مختلف کرپشن کیسز میں مقدمات کا سامنا ہے اور دونوں کو قید بھی بھگتنی پڑ رہی ہے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بیٹی عائشہ ہارون اسپیشل بچوں کے اسکول کی بانی ہیں۔

خیال رہے کہ آج وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف کی رپورٹ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی ہے، گردوں سے متعلق ان کی رپورٹس نارمل ہیں، کوئی خطرے کی بات نہیں۔

install suchtv android app on google app store