او آئی سی کا ہنگامی اجلاس: نیوزی لینڈ میں دہشت گرد حملے اور اسلام کے خلاف پروپیگنڈے پرتبادلہ خیال

اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس آج ترکی میں ہوگا فائل فوٹو اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس آج ترکی میں ہوگا

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکی پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی آج صبح او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے استنبول ایئرپورٹ پہنچے جہاں پاکستانی سفیرسائرس قاضی نے ان کا استقبال کیا۔

شاہ محمود قریشی اوآئی سی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کریں گے اوراسلاموفوبیا سے متعلق مسلم دنیا کے سامنے موقف پیش کریں گے۔

اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کی صدارت ترکی کے وزیرخارجہ میولوت چاوش اوغلو کریں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ترکی اور ایران کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں نیوزی لینڈ میں دو مساجد پر دہشت گرد حملے اور اسلام کے خلاف منفی پروپیگنڈے کی بنیاد پرتشدد میں اضافے سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اجلاس میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اسلامو فوبیا کے باعث پیش خطرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تنظیم کی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دیں گے۔

یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

 

install suchtv android app on google app store