اسد منیر کی مبینہ خودکشی پر چیف جسٹس نے نوٹس لیتے ہوئے نیب سے جواب طلب کر لیا

اسد منیر کی مبینہ خودکشی پر چیف جسٹس نے نوٹس لیتے ہوئے نیب سے جواب طلب کر لیا فائل فوٹو اسد منیر کی مبینہ خودکشی پر چیف جسٹس نے نوٹس لیتے ہوئے نیب سے جواب طلب کر لیا

اسد منیر کا خود کشی سے قبل لکھا گیا مبینہ خط سپریم کورٹ کو موصول ہونے پر چیف جسٹس نے نوٹس لیتے ہوئے چئیرمین نیب سے جواب طلب کرلیا ہے۔

اسد منیر کے مبینہ خط میں نیب کی جانب سے الزامات کو مسترد کیا گیا اور چیف جسٹس کو معاملہ پر نوٹس لینے کا کہا گیا تھا، مبینہ خط کے متن میں درج ہے کہ 2008 میں ایف الیون کا ایک پلاٹ چیئرمین سی ڈی اے نے ری اسٹور کیا، میں 2006 سے 2010 تک ممبر اسٹیٹ رہا، میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اسپیشل انویسٹیگیشن ونگ نیب راولپنڈی رہا۔

برگیڈیئر (ر) اسد منیر کے مبینہ خط میں تحریر ہے کہ 2017 کے بعد سے نیب نے میری زندگی اجیرن کئے رکھی میرا نام ای سی ایل میں رکھا گیا، نیب میرے خلاف تین کیسز میں تحقیقات اور دو انکوائریاں کی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق خودکشی سے قبل اسد منیر کی طرف سے لکھا گیا مبینہ خط سپریم کورٹ کو موصول ہواہے،چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے خط پر نوٹس لیتے ہوئے چیرمین نیب سے رپورٹ طلب کی ہے۔

مبینہ خط میں اسد منیر نے لکھا تھا کہ میں ہتھکڑی میں میڈیا کے سامنے ذلیل نہ ہوں اس لیے خود کشی کر رہا ہوں، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ میرے کیس کے انویسٹی گیشن افسران غیر تربیت یافتہ اور نااہل ہیں، میں اپنی زندگی کی قربانی دے رہا ہوں اس امید کے ساتھ کہ چیف جسٹس اس سسٹم میں بہتری لائیں گے جہاں نیب کے کچھ افسران لوگوں کی عزت اور زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 15مارچ کو خبر آئی تھی کہ برگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر نے مبینہ طور پرخود کشی کرلی ہے،پولیس کے مطابق اسد منیر کی لاش ڈپلومیٹک انکلیو میں ان کے فلیٹ پر پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔

ایک روز قبل نیب ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں اسد منیر کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی تھی،پولیس ذرائع نے میڈیا کو بتایا تھا کہ اسد منیر میڈیا پر چلنے والی خبروں سے پریشان تھے۔ ان پر اسلام آباد کے سیکٹر ایف الیون میں ایک پلاٹ غیر قانونی طریقے سے بحال کرنے کا الزام تھا۔

install suchtv android app on google app store