راولپنڈی، اسلام آباد میں موبائل سروس عارضی طور پر بند

 راولپنڈی، اسلام آباد میں موبائل سروس عارضی طور پر بند فائل فوٹو راولپنڈی، اسلام آباد میں موبائل سروس عارضی طور پر بند

23 مارچ (یوم پاکستان) کے حوالے منعقدہ تقریب اور اس ضمن میں کی جانے والی تیاریوں کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل سروس عارضی طور پر بند کر دی گئی جبکہ ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی ممنوع قرار دے دیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت میں پاکستان ڈے پریڈ ریہرسل کی وجہ سے جڑواں شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ صبح کے اوقات میں موبائل فون سروس بھی عارضی طور پر بند کی گئی۔ جو پریڈ ریہرسل کے دوران بند رہے گی۔

اسلام آباد میں 21 سے 23 مارچ کے دوران ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ اسی ضمن میں 17 سے 19 مارچ کے دوران بھی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

موٹروے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ 21 مارچ کو 00:00 بجے سے دن 12:00 بجے تک کے درمیان ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ان اوقات میں پشاور سے اسلام آباد کی طرف آنے والی ہیوی ٹریفک کو اٹک بریج، حضرو بریج، منگلا اور 26 نمبر چنگی پر روک دیا جائے گا۔

موٹر وے پولیس اسی طرح لاہور سے اسلام آباد آنے والی ہیوی ٹریفک کو گجرات، جہلم بریج، مندرا ٹول پلازا اور روات ٹی چوک پر روک دے گی۔ترجمان موٹر وے کے مطابق مری سے آنے والی ہیوی ٹریفک لوئر ٹوپہ، دنہ موڑ اور 17 میل ٹول پلازہ پر روک لی جائے گی۔موٹر وے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اس دوران گریز کریں۔

شہریوں کی سہولت کے لیے ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ سفر شروع کرنے سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے مدد لے لیں تاکہ غیر ضروری پریشانی سے محفوظ رہ سکیں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے یوم پاکستان کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کے ضمن میں نوٹی فکیشن جاری کرکے 13 سے زائد سرگرمیوں پر پہلے ہی پابندی عائد کردی تھی۔جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق 18 مارچ سے30 مارچ تک پریڈ گراؤنڈ کے اطراف تمام شادی ہالز و ہوٹلز بند رہیں گے اور بس اڈے بھی بند رکھے جائیں گے۔

23 مارچ سے قبل شہر میں موجود تمام گیسٹ ہاوسز کی سیکیورٹی چیکنگ کی جائے گی، شہر میں کبوتر بازی اور پتنگ بازی پر مکمل پابندی رہے گی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

install suchtv android app on google app store