نوازشریف سمجھوتا کرنے پر آمادہ نظر نہیں آتے: بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسکرین گریب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارٹی وفد کے ہمراہ سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کے لیے کوٹ لکھپت جیل پہنچے، اس موقع پر جیل کے اطراف سیکیورٹی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ، جمیل سومرو، مصطفیٰ نواز کھوکھر، علی قاسم گیلانی اور سید حسن مرتضیٰ بھی پارٹی چیئرمین کے ہمراہ تھے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین کی سابق وزیراعظم سے ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد تک جاری رہی جس میں بلاول نے نوازشریف سے ان کی خیریت دریافت کی۔

بلاول کی میڈیا سے گفتگو

نوازشریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوازشریف کی عیادت کے لیے کوٹ لکھپت جیل گیا، سیاسی اختلافات ہوتے ہیں، کچھ عرصے سے باہر تھا، میاں صاحب کی طبیعت کی خرابی کا پتا چلا۔

انہوں نے کہا کہ آج میرے لیے تاریخی دن ہے، اسی جیل میں شہید ذوالفقار بھٹو بھی قید رہے، پارٹی کی قیادت اور کارکن بھی اسی جیل میں قید رہے ہیں۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے میثاق جمہوریت پر بات چیت ہوئی، زیادہ تربات چیت ان کی صحت سے متعلق ہوئی، نوازشریف اپنے اصولوں پر قائم ہیں ،لگتا نہیں کوئی ڈیل ہوئی ہے۔

بلاول کا نوازشریف کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ نوازشریف کافی بیمار لگ رہے تھے، ان کو بہترین علاج فراہم کیا جائے، جس علاج کا مطالبہ نوازشریف کر رہے ہیں وہ ان کو فراہم کیا جائے، دل کے مریض کودباؤ میں رکھنا تشدد کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عام قیدی کے ساتھ بھی نا انصافی نہیں ہونی چاہیے، بیمار قیدی کو علاج معالجہ کو بہترین سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے، پاکستان انسانی حقوق کی بات کررہا ہے اور دوسری طرف تین بار وزیراعظم رہنے والے بیمار میاں صاحب جیل میں ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ نوازشریف سمجھوتا کرنے پر آمادہ نظر نہیں آتے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ میاں صاحب سے سیاسی امور اور ملک کی موجودہ صورتحال پر بھی بات ہوئی، آج کی سیاسی مشکلات اور نظام میں کمزوریوں کا حل نکالا جانا چاہیے، میاں صاحب سے متعلق لوگ سازشیں کررہے ہیں، نہیں سمجھتا کہ کوئی ڈیل ہورہی ہے یا میاں صاحب سمجھوتا کرنے کے لیے تیار ہیں، میاں صاحب اپنے اصولوں پر کھڑے ہیں، وہ سمجھوتا کرنے پر آمادہ نظر نہیں آتے، میاں صاحب نے کہا کہ وہ نظریاتی ہیں اور نظریاتی سیاست کریں گے۔

 

install suchtv android app on google app store