آشیانہ ہاؤسنگ کیس: شہباز شریف احتساب عدالت نہ پہنچ سکے، عدالت کا اظہار برہمی

قومی اسمبلی کے اپوزیشن رہنما شہباز شریف فائل فوٹو قومی اسمبلی کے اپوزیشن رہنما شہباز شریف

احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں نامزد ملزمان شہباز شریف، احد چیمہ اور فواد حسن فواد کو پیش نہ کیے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

سماعت شروع ہوئی تو شہباز شریف عدالت کے روبرو پیش نہ ہوسکے جب کہ عدالت نے استفسار کیا فواد حسن فواد اور احد چیمہ کو کیوں پیش نہیں کیا گیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ 'ضمانت لے کر وہ باہر پھر رہے ہیں انہیں آنا چاہیے'۔

عدالت نے رجسٹرار کو ہدایت کی کہ جیل حکام کو شوکاز جاری کریں، اس طرح تو شہادتیں ریکارڈ نہیں ہوسکیں گی، پتہ کروائیں ملزمان ابھی تک کیوں پیش نہیں کیے۔

سعد رفیق اور سلمان رفیق کو کمرہ عدالت پہنچا دیا گیا جب کہ حمزہ شہباز بھی احتساب عدالت پہنچ گئے۔

ملزمان کے پیش کیے جانے تک آشیانہ ہاؤسنگ کیس کی سماعت روک دی گئی جب کہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو شو کاز نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔

شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے، جن کی غیر موجودگی میں جونیئر وکلا نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز دوسری عدالت میں مصروف ہیں۔

 

واضح رہےکہ نیب آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم، صاف پانی کیس، اور اربوں روپے کے گھپلوں کی تحقیقات کر رہا ہے جس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر نامزد ہیں۔

نیب نے شہباز شریف کو 5 اکتوبر 2018 کو گرفتار کیا جنہیں 4 ماہ اور 14 روز بعد ضمانت پر رہا کیا گیا اور 18 فروری کو ان پر آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کیس میں فرد جرم عائد کی گئی۔

install suchtv android app on google app store