عوام کے ساتھ نئے پاکستان کا وعدہ کر کے ان کو دھوکا دیا گیا: (ن) لیگ

(ن) لیگ راہنما؍ فائل فوٹو (ن) لیگ راہنما؍

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے حکومت کو ملکی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ نئے پاکستان کی فلم میں جنت کا وعدہ کرکے قوم کوجہنم میں دھکیل دیا گیا ہے۔ عوام سے جھوٹ بولا گیا، حکومت غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسپیکر کی بغیر ثبوتوں کے گرفتاری نامناسب ہے، یہ آغا سراج درانی کا ذاتی نہیں، اسپیکر کے عہدے کا معاملہ ہے، اسپیکر کی گرفتاری جمہوریت پر حملہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ آپ نے الزام لگانا ہے تو تفتیش کریں اس پر کسی کو اعتراض نہیں، سعد رفیق کے خلاف ابھی تک کوئی ثبوت نہیں ملا، اسپیکر سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں، ایوان میں حلقے کے عوام کی نمائندگی کرنا سعد رفیق کا حق ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت پر ہفتہ اتوار کو بھی اجلاس بلانا چاہیے، عوام کو معلوم ہونا چاہیے کہ یہ حکومت ان پر معاشی طور پر ظلم کررہی ہے، گیس اور بجلی کی قیمت میں اضافے کی کوئی ضرورت نہیں تھی، ایوان میں مہنگائی کے معاملات پر بات کرنے کا موقع نہیں مل رہا۔

اس موقع پر خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے ارکان کو کہا کہ اتنا جھوٹ بولو وہ عوام کو سچ نظر آئے، وزیراعظم کہہ رہے ہیں کہ ہر مسئلےکی وجہ گزشتہ حکومت پر ڈال دیں، وزیراعظم کی انا ہمالیہ سے بھی اونچی ہے، ہم سسٹم کو بچانا اور چلانا چاہتے ہیں لیکن حکومت کی کوئی نیت نہیں ہے، عمران خان کی حکومت کی عمارت صرف جھوٹ پر کھڑی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گیس اور بجلی کے بلوں سے عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں، یہ حکومت پاپولر ووٹ میں آج بھی اقلیتی حکومت ہے۔

نئے پاکستان کی فلم میں جنت کا وعدہ کرکے قوم کوجہنم میں دھکیل دیا گیا ہے، حکومت کی پہلی سہ ماہی کے خسارے میں ایک سو ارب روپے کا اضافہ ہوگیا ہے، آپ نے تو سودا بیچا تھا کہ قوم مجھ پر اعتبار کرتی ہے میں چندے اکٹھے کرتا ہوں، قوم ایک دیانتدار وزیراعظم کو دیکھ کر ٹیکسوں کی بارش کردے گی، کہا گیا تھا 190 ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے 122 ارب روپے خرچ کرکے ڈیم کے لیے زمین خریدی، اب وہ بھی ایک ڈراؤنا خواب بن چکا ہے، آپ نے ڈیم ڈیم کرکے عوام کو فول بنایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے اندر اندھیر نگری چوپٹ راج نہیں چلنے دیں گے، یہ حکومت پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے، پاکستان کو معاشی طور پر 700 سے 1000 ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے، چین اور سعودی عرب سے آنے والا پیسہ ان کے خسارے میں ہڑپ ہوگیا۔

install suchtv android app on google app store