سعودی ولی عہد کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشانِ پاکستان‘ سے نوازا گیا

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اسکرین گریب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان

صدرِمملکت عارف علوی نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشانِ پاکستان‘ سے نوازا ہے۔

ایوانِ صدر میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور صدرِ مملکت عارف علوی کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور کابینہ ارکان بھی شریک ہیں۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی بجائی گئیں۔

اس سے قبل معزز مہمان وزیراعظم ہاؤس سے وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ صدارتی بگھی میں ایوانِ صدر کے لیے روانہ ہوئے، اس دوران پریذیڈنٹ باڈی گارڈ دستے ان کی حفاظت میں مامور تھے۔

اس رجمنٹ کو بابائے قوم محمد علی جناح کے پہلے حفاظتی دستے کا اعزاز حاصل ہے، یونٹ 1773 کو بنارس میں گورنر جنرل باڈی گارڈز کے نام سے وجود میں آیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان کے ساتھ ناشتے کے بعد سعودی مہمان نے مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

معزز مہمان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی جس میں ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی آئی ایس پی آر بھی موجود تھے۔

اس دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون پر فروغ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ افغان امن عمل پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ایوانِ صدر میں معزز مہمان کی صدرِ مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے وفود کی سطح پر ملاقات کی۔

یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 2 روزہ دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچے ہیں، وزیراعظم عمران خان، وفاقی کابینہ کے ارکان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نور خان ایئر بیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔

 

 

install suchtv android app on google app store