سعودی ولی عہد نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دیدیا

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان فائل فوٹو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان

گزشتہ شب وزیراعظم عمران خان کی گزارش پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں قید 2 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم جاری کردیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سعودی ولی عہد کے احکامات سے آگاہ کیا۔

فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں قید 2107 پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر رہائی کا حکم جاری کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا شکریہ کا پیغام

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے احکامات پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے پاکستانی قوم کی طرف ولی عہد کا شکریہ ادا کیا ہے۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز عشایئے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد سے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی میں کردار ادا کرنے اور وہاں موجود لیبر کو اپنا سمجھنے کی درخواست کی تھی۔

وزیراعظم کی درخواست پر شہزادہ محمد سلمان نے کہا تھا کہ پاکستان انہیں سعودی عرب میں پاکستانی سفیر سمجھے اور وہ پاکستان کو انکار نہیں کرسکتے، جو ہوسکا وہ ضرور کریں گے۔

install suchtv android app on google app store