سنچورین میں ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب: 2گھنٹے میں 3 کروڑ 70 لاکھ پاکستانی روپے جمع

سینیٹر فیصل جاوید فائل فوٹو سینیٹر فیصل جاوید

حکومت کی جانب سے سنچورین میں ڈیم فنڈ ریزنگ میں 2 گھنٹے میں 3 کروڑ 70 لاکھ پاکستانی روپے جمع ہوگئے۔

فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ میں پاکستانی کمیونٹی کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انشاءاللہ یہی جذبہ رہا تو ہم کئی ڈیم بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کی تاریخ میں پاکستانی کمیونٹی کا سب سے بڑا ڈیم فنڈریزنگ ایونٹ منعقد کیا گیا، فنڈ ریزنگ کا اہتمام پی ٹی آئی جنوبی افریقہ کی جانب سے کیا گیا، رمیز راجہ اور شعیب ملک سمیت پوری پاکستانی ٹیم نے شرکت کی۔

سنچورین میں فنڈ ریزنگ میں 2 گھنٹے میں 3 کروڑ 70 لاکھ پاکستانی روپے جمع ہوگئے۔

ایونٹ میں وزیراعظم عمران خان کا دستخط شدہ بلا 3 لاکھ رینڈ اور دستخط شدہ گیند 70 ہزار رینڈ میں نیلام ہوئی جبکہ حالیہ کرکٹ ٹیم کے دستخط شدہ بلے ڈیڑھ لاکھ رینڈ اور دستخط شدہ ٹی شرٹس 70 ہزار رینڈ میں نیلام ہوئیں۔

اس موقع پر فیصل جاوید نے کہا جنوبی افریقہ میں پاکستانی کمیونٹی کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، خاص طور پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کیے جا رہے ہیں، انشاء اللہ یہی جذبہ رہا تو ہم کئی ڈیم بنائیں گے، ہم سب پاکستان کے بحرانوں پر قابو پا لیں گے، عمران خان نے اللہ کے فضل سے ہر ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے۔

فیصل جاوید نے کہا پاکستان میں اس وقت صرف 2بڑے ڈیم ہیں، ہم سالانہ 22 لاکھ ڈالر کی لاگت کاپانی ضائع کرتےہیں، اب تک ڈیم فنڈ میں 9.6 ارب روپے جمع ہو چکے ہیں۔

یاد رہے ڈیم فنڈ ریزنگ کی تقریب شروع ہونے سے پہلے ہی تمام ٹکٹس فروخت ہوگئے تھے جبکہ فنڈریزنگ کی تقریب کےانعقاد کے حوالے سے سینیٹر فیصل جاوید نے کمنٹیٹر رمیز راجہ سے ملاقات کی تھی ، فیصل جاوید کا کہنا تھا پاکستانی کمیونٹی کاجوش وجذبہ قابل دیدہے۔

خیال رہے بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے لئے بیرون ملک پاکستانی بھی اپنا بھرپور حصہ ڈال رہے ہیں ، گذشتہ سال دسمبر میں واشنگٹن میں منعقدہ ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب میں دس کروڑ سے زائد کے عطیات جمع ہوئے تھے۔

install suchtv android app on google app store