پاکستان کا ایک اور نصر بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان نے کم فاصلے پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے ایک اور نصر بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نصر بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ ٹریننگ مشق کا حصہ ہے جو 24 جنوری، 28 اور 31 جنوری کا سنگل شوٹ پر محیط ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس مشق کے دوسرے مرحلے کا مقصد بامقصد پروازوں کی صلاحیتوں، دشمن کے علاقے تک رسائی کی صلاحیت اور انفراسٹرکچر منیجمنٹ کی پڑتال کرنا ہے۔

نصر بیلسٹک میزائل کے تجربے کی تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک فورسز کے کمانڈر، چیئرمین نیسکام، آرمی اسٹریٹجک فورسز کے افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز موجود تھے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے اور شاندار کامیابی حاصل کرنے پر انجینئرز، جوانوں اور سائنسدانوں کی تعریف کی۔

انہوں نے تمام متعلقہ افراد کی پیشہ وارانہ کامیابیوں اور کوششوں کی تعریف کی جس سے ہتھیاروں کے کامیاب نظام کا آغاز ممکن ہو سکا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور سروسز چیف نے شاندار کامیابی حاصل کرنے پر سائنسدانوں، انجینئرز اور دیگر جوانوں کو مبارکباد پیش کی۔

واضح رہے کہ 24 جنوری کو بھی پاکستان نے دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ کرتے ہوئے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل نصر کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ نے میزائل کی کامیاب آزمائشی لانچنگ کی جس کا مقصد آرمی اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ کی آپریشنل اورتکنیکی تیاریوں کو آزمانا ہے۔

بیلسٹک میزائل نصر کی کامیاب آزمائشی لانچنگ سے آرمی کی اسٹریٹجک فورس کمانڈ کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

install suchtv android app on google app store