پاکستان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کے لئے مذاکرات میں لچک کا مظاہرہ کرنے پر زور

پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی فائل فوٹو پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کے لئے طویل عرصے سے جاری مذاکرات میں لچک اور سمجھوتے کے جذبے کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔

نیو یارک میں بین الحکومتی مباحثے کی دوبارہ شروع ہونے والی نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ اٹلی اور پاکستان کی سربراہی میں گروپ کی یہ تجویز جس میں سلامتی کونسل میں مستقل ارکان کی تعداد میں اضافے کی مخالفت کی گئی ہے جمہوری اقدار پر مبنی اور تمام رکن ملکوں کے خدشات اور تحفظات کی مظہر ہے۔

انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ مکالمہ حالیہ دور میں چند رکن ملکوں کی انفرادی خواہشات کے بجائے اجتماعی بہتر ی کے لئے معاون ثابت ہوگا۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ فراخدلی، شفافیت اور مشترکہ انداز میں اصلاحاتی عمل کو آگے بڑھانے سے رکن ملکوں کی سالمیت یقینی بنائی جاسکے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس عمل کے لئے ایک ایسے واضح لائحہ عمل کی ضرورت ہے جو مساوی اہمیت کا حامل ہو اور اس پر تیزی سے پیشرفت کی جاسکے۔

install suchtv android app on google app store