اسلامی نظریاتی کونسل کا دو روزہ اجلاس کل سے شروع

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کی زیر صدارت دو روزہ اجلاس کل سے شروع فائل فوٹو چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کی زیر صدارت دو روزہ اجلاس کل سے شروع

اسلامی نظریاتی کونسل کا دو روزہ اجلاس 29 جنوری سے طلب کر لیا گیا، اجلاس میں حج پر سبسڈی، خواتین کی میراث اور شناختی دستاویزات پر والد کی بجائے کسی اور کا نام لکھنے کے معاملات پر غور ہوگا۔

اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس انتیس اور تیس جنوری کو اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کرینگے۔

وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے تحت حج کرنے والوں کو سبسڈی دینے یا نہ دینے کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل سے رجوع کیا ہے۔ ایک خط کے ذریعے سرکاری سکیم کے تحت عازمین حج کو حکومت سبسڈی دینے یا نہ دینے اور اس حوالے سے اسلامی قوانین کی روشنی میں آرا مانگی گئی ہے۔

رواں سال اگر سرکاری سکیم کے تحت عازمین حج کو سبسڈی نہ دی گئی تو حج اخراجات چار لاکھ چھتیس ہزار نو سو روپے تک بڑھ سکتے ہیں جبکہ فی حاجی چالیس سے پینتالیس ہزار سبسڈی ملنے پر حج اخراجات تین لاکھ نوے ہزار روپے ہو سکتے ہیں۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس میں رائج الوقت قوانین کی اسلامی حییثت کے حوالے سے ذیلی کمیٹی بھی بنائی جائے گی۔ خواتین کی وراثت کے حوالے سے قوانین کا جائزہ اور شناختی دستاویزات میں والد کے بجائے کسی اور کا نام لکھنے کا شرعی معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

اسلامی نظریاتی کونسل کو آل انڈیا مسلم پرسنل لا کا خط بھی موصول ہوا ہے جس میں طلاق ثلاثہ کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے مانگی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل پنجاب چیریٹی ایکٹ کے حوالے سے قوانین کا جائزہ لے گی۔ انتخابی امیدواروں سے دینی اور قومی تقاضوں کی پاسداری کا معاملہ ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store