احتساب کی بندوق کے نشانے پر شریف خاندان ہے جسے علیمہ خان، زلفی بخاری نظر نہیں آتے: مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب فائل فوٹو مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ احتساب کی بندوق کے نشانے پر شریف خاندان ہے جسے علیمہ خان، زلفی بخاری، علیم خان اور دیگر نظر نہیں آتے۔

خواجہ سعد رفیق کی گرفتاری پر ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت صرف سیاسی انتقام میں کارکردگی دکھا رہی ہے، اسے چوری کے مینڈیٹ کا خوف ہے، اپنی نااہلی اور مصنوعی کارکردگی دکھانے کے لئے سیاسی تخریب کاری جارہی ہے، سعد رفیق اور سلمان رفیق کی گرفتاری ایک ہی سلسلہ کی کڑی ہے، نیب کے پاس مالم جبہ ریزاٹس، ای او بی آئی، چنیوٹ کے دھاتوں کے منصوبے کی تحقیقات کا وقت نہیں۔ نیب کو نظر نہیں آرہا کہ 25 ارب کی پشاور میٹرو 80 ارب کے گڑھوں میں کیسے تبدیل ہوئی۔ دراصل احتساب کی بندوق کے نشانے پر شریف خاندان ہے جسے علیمہ خان، زلفی بخاری، علیم خان اور دیگر نظر نہیں آتے۔

حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے سے روکے جانے پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ نئے پاکستان میں دو قانون لاگو ہیں، ایک اپوزیشن، شریف خاندان، عوام کے لئے اور دوسرا عمران خان اور ان کے لاڈلوں کے لئے ہیں، عمران خان اپنے دائیں بائیں موجود لوگوں کو ای سی ایل میں نام ہونے کے باوجود سفر کرواتے رہے، ہائی کورٹ اور نیب نے خود کہا ہے کہ حمزہ شہباز کسی کیس میں مطلوب نہیں، جب نیب نے بلایا حمزہ شہباز پیش ہوتے رہے۔ وہ اپنے اہلِ خانہ سے ملنے جا رہے تھے، پھر کس قانون کے تحت حمزہ شہباز کا نام بلیک لسٹ میں ڈالا گیا۔ غیر قانونی اقدام کو متعلقہ قانونی فورم پر چیلنج کریں گے۔

install suchtv android app on google app store