اسلامی نظریاتی کونسل نے قتل اورکفر کے فتوے مسترد کر دئیے، فتوے جاری کرنے والوں کی سزا بڑھانے کی سفارش

اسلامی نظریاتی کونسل نے قتل اورکفر کے فتوے مسترد کر دئیے فائل فوٹو اسلامی نظریاتی کونسل نے قتل اورکفر کے فتوے مسترد کر دئیے

اسلامی نظریاتی کونسل نے قتل اورکفر کے فتوے مسترد کرتے ہوئے اس نوعیت کے فتوے جاری کرنے والوں کی سزا بڑھانے کی سفارش کی ہے۔

اس موقع پر وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل سے درخواست کی ہے کہ اس کے ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں شریک ہوا کریں ان کو نظر آئے گا کہ حکومت کونسل کی سفارشات پر کتنی تیزی سے عمل کررہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں کفر اور قتل کے فتووں سے متعلق سوال پر چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ایسے فتووں کو نہ صرف مسترد کردیا گیا ہے بلکہ ایسا کرنے والے کی سزا بڑھانے کی سفارش کی ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس چئیرمین قبلہ ایاز کی زیر صدارت ہوا اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری اور وفاقی وزپر پارلیمانی امور علی محمد خان خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ ریاست مدینہ وزیر اعظم عمران خان کا خواب ہے یہی وجہ ہے کہ ہم خود کونسل سے رہنمائی لینے آئے ہیں۔

ریاست مدینہ میں سود جاری رہنے کے سوال پر وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ حکومت پہلے مرحلے میں بلاسود بینکاری کو فروغ دینے کی کوشش کرے گی مگر اس کی منزل سود کا مکمل خاتمہ ہے۔

 

install suchtv android app on google app store