پارلیمنٹ میں کرپشن کی بات کرنا کسی کا استحقاق مجروح نہیں کرتا: ترجمان وزیراعظم

وزیر اعظم کے ترجمان افتخار درانی فائل فوٹو وزیر اعظم کے ترجمان افتخار درانی

وزیر اعظم کے ترجمان افتخار درانی کا کہنا ہے کہ کرپشن اور موجودہ معاشی حالات کا گہرا تعلق ہے، پارلیمنٹ میں اس پر بات کرنے سے کسی کا استحقاق مجروح نہیں ہوتا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ایوان میں داخلے پر پابندی پر وزیر اعظم کے ترجمان افتخار درانی کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کردیا گیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے وزیر اطلاعات کے ایوان میں داخلے پر پابندی غیرمعمولی اقدام تھا، ایوان بالا میں جنم لینے والی صورتحال سے تشویش کی غیر معمولی لہر نے جنم لیا۔

وضاحتی بیان میں افتخار درانی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ میں پیدا ہونے والے بحران کے حل کی ذمہ داری وزیر دفاع پرویز خٹک کو سونپی جسے وزیر دفاع نے خوش اسلوبی سے سلجھایا، معاملے کے سلجھاؤ کے حکومتی مؤقف میں کوئی کوتاہی یا تضاد نہیں۔

ترجمان وزیراعظم نے کہا ہے کہ پارلیمان کی تعظیم اور کرپشن کے خلاف فیصلہ کن اقدامات حکومت کے ایجنڈے کے مرکزی نکات ہیں، ہم نہ ہی پارلیمان کی ساکھ مجروح ہونے دیں گے اور نہ کرپشن کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن اور موجودہ معاشی حالات کا گہرا تعلق ہے، پارلیمنٹ میں اس پر بات کرنے کا عمل کسی کا استحقاق مجروح نہیں کرتا۔

واضح رہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن کی شکایت پرچیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیرِاطلاعات فواد چوہدری کے رویے پر رولنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایوان کا ماحول خراب کرنے کی ذمہ داری وزیر اطلاعات فواد چوہدری پر عائد ہوتی ہے، جب تک وزیر اطلاعات معافی نہیں مانگتے تو جاری اجلاس میں ان کے داخلے پر پابندی لگاتا ہوں۔

 

install suchtv android app on google app store