ایسا بلدیاتی نظام لانا چاہتے ہیں جوعوامی مسائل نچلی سطح پر حل کرسکے: وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان فائل فوٹو وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم ایسا بلدیاتی نظام لانا چاہتے ہیں جو عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کرسکے، نئے بلدیاتی نظام سے پیسے کا ضیاع اور کرپشن ختم ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بلدیاتی نظام کے نفاذ سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک ، مشیر وزیراعظم محمد شہزاد ارباب، وزیر بلدیات پنجاب عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ خیبرپختونخوا شہرام خان ترکئی، وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور جھگڑا، صوبائی وزیر قانون خیبر پختونخوا سلطان خان اور سینئر عہدے داروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نظام کی تنظیم پرغور کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم ایسا بلدیاتی نظام لانا چاہتے ہیں جو عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کرسکے، نئے بلدیاتی نظام سے ترقیاتی منصوبوں پر پیسہ دیہات کی سطح پر خرچ ہوگا، عوام کو اپنی ترجیحات کے مطابق ہی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری ممکن ہوسکے گی اور عوام کے اپنے نمائندے منتخب ہوکر فلاح و بہبود کا کام بہتر طریقے سے کرسکیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں ترقیاتی منصوبوں کی ایسی قانون سازی ہوگی جس کا احتساب عوام براہ راست کرسکیں گے، ذاتی مفاد اور کرپشن کے خاتمے کے لیے نیا نظام معاون ثابت ہوگا۔

 

install suchtv android app on google app store