ملک بھر میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف مقدمات کا اندراج، پکڑ دھکڑ شروع

ملک بھر میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف مقدمات کا اندراج، پکڑ دھکڑ  شروع فائل فوٹو ملک بھر میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف مقدمات کا اندراج، پکڑ دھکڑ شروع

سپریم کورٹ کے آسیہ بی بی سے متعلق فیصلے کے بعد ملک بھر میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف مقدمات کا اندراج اور پکڑ دھکڑ کا عمل شروع ہوگیا۔

کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں توڑ پھوڑ اور شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن شروع کرتے ہوئے اسلام آباد سے 11 اور کراچی سے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ کورال اور شہزاد ٹاؤن نے کارروائی کرتے ہوئے 11 مطلوب ملزمان کو گرفتار کیا جنہوں نے ترامڑی چوک پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو زخمی کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان پر دہشت گردی، پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزامات ہیں جب کہ مقدمات میں 100 سے زائد نامعلوم افراد نامزد ہیں جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

کراچی پولیس نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں کورنگی انڈسٹریل ایریا سے 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا، حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں 31 اکتوبر سے 2 نومبر تک ہونے والے دھرنے اور ہنگامہ آرائی کے خلاف مختلف تھانوں میں 12 مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق مقدمات ایئرپورٹ، سچل، کھارادر، گارڈن، نیو کراچی، اورنگی ٹاؤن اور دیگر تھانوں میں درج ہیں۔

ادھر لاہور میں 11 مقدمات درج ہو گئے جن میں خادم حسین رضوی، پیر افضل قادری اور 500 سے زائد دیگر نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا۔ کراچی کورنگی میں دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا، ،احتجاج کی آڑ میں توڑ پھوڑ کرنے والے ملزمان کی تصاویر جاری کر دی گئیں۔

دوسر ی طرف وزارت داخلہ نے احتجاج کی آڑ میں توڑ پھوڑ کرنے والے ملزمان کی تصاویر جاری کرنے کاسلسلہ شروع کر دیا۔ یہ تصاویر سپیشل برانچ اور دیگر ذرائع سے موصول ہوئی تھیں۔ وزارت داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شرپسندوں کی شناخت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کیا جائے جبکہ ملزمان کی شناخت ہونے پر ایف آئی اے اور پولیس کو فوری کارروائی کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

install suchtv android app on google app store