دھمکیوں کا کوئی مہذب معاشرہ اجازت نہیں دے سکتا:خواجہ سعد رفیق

دھمکیوں کا کوئی مہذب معاشرہ اجازت نہیں دے سکتا:خواجہ سعد رفیق فائل فوٹو دھمکیوں کا کوئی مہذب معاشرہ اجازت نہیں دے سکتا:خواجہ سعد رفیق

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بھی وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں اسمبلی میں آکر پالیسی بیان دینا چاہیے۔

خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 'حکمران کا رویہ جارحانہ نہیں ہونا چاہیے، وزیراعظم کو ایوان میں آکر اس صورت حال پر اعتماد میں لینا چاہیے تھا'۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 'موجودہ صورتحال میں کوئی سیاسی فائدہ اٹھانا نہیں چاہتا، لیکن جس کارڈ کو ماضی میں استعمال کیا گیا، وہی اب آپ کے خلاف استعمال ہو رہا ہے'۔
سعد رفیق نے کہا کہ 'آج پاکستان میں بحرانی کیفیت ہے، کچھ عناصر مذہب کا نام استعمال کرتے ہوئے پھر سڑکوں پر ہیں، لیکن ان کے بیانیے سےکوئی باشعور شہری اتفاق نہیں کرتا'۔

انہوں نے کہا کہ 'آج جو کچھ ہو رہا ہے، وہ گزشتہ سے پیوستہ ہے، جس مذہبی کارڈ کو کل گزشتہ حکومت کے خلاف استعمال کیا گیا، وہ آج آپ کے خلاف ہو رہا ہے'۔

سعد رفیق نے عمران خان کو مخاطب کرکے کہا، 'کچھ عرصہ پہلے آپ لاک ڈاؤن کررہے تھے، آپ کو اس رویے پر ندامت ہونی چاہیے کہ آئندہ ایسا غیر دانش مندانہ رویہ استعمال نہیں کریں گے'۔

لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ 'جو کچھ قومی اداروں کے خلاف کہا گیا، وہ ناقابل قبول ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید ہوتی ہے لیکن دھمکیوں کا کوئی مہذب معاشرہ اجازت نہیں دے سکتا'۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ 'طاقت کے استعمال سے گریز کیا جانا چاہیے، وزیراعظم اس بات پر پالیسی بیان دیں اور افہام و تفہیم کے ذریعے اس مسئلے کا حل نکالیں'۔

install suchtv android app on google app store