بجلی کی قیمت میں ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ

 بجلی کی قیمت میں ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ فائل فوٹو  بجلی کی قیمت میں ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بجلی کی قیمت ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ بڑھانے سے متعلق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلے کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس کے بعد وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری اور وزیر توانائی عمر ایوب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیر خزانہ اسد عمر نے بتایا کہ بجلی کی قیمت میں ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے ایک کروڑ 76 لاکھ گھریلو کنکشن پر کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، 300 سے 700 یونٹ والوں کے لیے 10 فیصد اور اس سے اوپر والوں کے لیے 15 فیصد اضافہ کیا گیا۔

اسد عمر کے مطابق 5 کے وی سے کم بجلی استعمال کرنے والے کمرشل صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، ایسے صارفین کی تعداد 95 فیصد ہے۔

وزیر خزانہ اسد عمر نے بتایا کہ اسکولوں اور اسپتالوں کے لیے بھی بجلی کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا یہ آخری پروگرام ہوگا۔

پریس کانفرنس کے دوران وزیر توانائی عمر ایوب نے بتایا کہ پچھلی حکومت ملک کو تباہ چھوڑ کر گئی ہے، لیکن ہم پاور سیکٹر کے خسارےکو ختم کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے بجلی چوروں کےخلاف کل سے مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔

عمر ایوب کے مطابق سالانہ 250 سے 280 ارب روپے کم بل اور بجلی چوری کی مد میں چلے جاتے ہیں، جس کا خمیازہ پاکستان کے عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم کے بی سی کیبلز لگائیں گے، جن پر کنڈا نہیں چلتا۔ اس کے علاوہ اے ایم آئی میٹر بھی لگائے جائیں گے، جو کہ ٹرانسفارمر پر بھی نصب ہوگا، جو بجلی چوری کی نشاندہی کرے گا۔

عمر ایوب کے مطابق ان اقدامات کا آغاز اسلام آباد اور لاہور سے کیا جارہا ہے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ بار بار ہم کہتے ہیں کہ سابقہ حکومت نے پلاننگ نہیں کی، انہوں نے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن لائنوں کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور بجلی چوری کے معاملات کو دیکھ رہے ہیں ، ہمارے پاس ایک جامع منصوبہ ہے۔

install suchtv android app on google app store