عمران خان نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کی نہیں چھیننے کی بات کی ہے، خورشید شاہ

خورشید شاہ فائل فوٹو خورشید شاہ

یپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کی نہیں چھیننے کی بات کی ہے۔ اسد عمر کا معاشی بحران ختم کرنے کا بیان ایسے ہے جیسے نواز شریف نے چھ ماہ میں بجلی بحران ختم کرنے کا کہا تھا، حکومت قرض لینے جا رہی ہے، جس سے تباہی کی مہنگائی آئے گی۔

سید خورشید شاہ نے تجاوزات آپریشن کے متاثرین کے احتجاجی کیمپ پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 90 لاکھ جو غربت کی لکیر سے نیچے ہیں انہیں تو وزیراعظم اسکیم میں سے گھر نہیں مل سکتے، نواز شریف نے پھر بھی نیشنل گرڈ میں5 سے 6 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی۔ جس طرح (ن) لیگ نے بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا دعویٰ کیا تھا، اس طرح یہ حکومت بھی بڑے دعوے کر رہی ہے۔

انہوں نے متاثرین کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کے حکم پر تجاوزات کے خلاف آپریشن ہو رہا ہے، حکومت سندھ سے بات کی ہے 200 ایکڑ زمین دینے کا کہا ہے، ان متاثرین کو کچھ وقت دیا جائے تاکہ جو زمین دی جا رہی ہے وہاں کچھ کام ہوسکے، انہوں نے کہا کہ یہ غریب لوگ ہیں رہنے کو گھر نہیں کچی آبادی میں رہتے ہیں، زمین تو ایریگیشن کی ہے لیکن ان کا قصور یہ ہے کہ یہ غریب ہیں۔

ہم بڑے لوگ اپنے گھروں میں سکون سے رہتے ہیں، پانچ ہزار متاثرین ہیں انہیں چھ ماہ سے ایک سال کا وقت دیا جائے، کیونکہ سردی کا موسم ہے، ان کے چھوٹے چھوٹے معصوم بچے ہیں۔

install suchtv android app on google app store