شاہ محمود، عراقی سفیر علی یٰسین کا زائرین کو ویزے کے حصول میں درپیش مسائل کے بارے تبادلہ خیال

شاہ محمود قریشی اور عراقی سفیر علی یٰسین کا زائرین کو ویزے کے حصول میں درپیش مسائل کے بارے تبادلہ خیال فائل فوٹو شاہ محمود قریشی اور عراقی سفیر علی یٰسین کا زائرین کو ویزے کے حصول میں درپیش مسائل کے بارے تبادلہ خیال

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں عراقی سفیر ڈاکٹر علی یٰسین محمد کریم سے ملاقات کی اور پاکستانی زائرین کو اربعین کے لئے عراقی ویزے کے حصول میں درپیش مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان سے زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو سہولیات کی فراہمی میں عراقی حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ نے ان اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستانی زائرین کی بڑی تعداد ابھی تک ویزے کے اجرا کی منتظر ہے جبکہ اربعین میں صرف دس دن باقی رہ گئے ہیں۔

زائرین کو در پیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے عراقی سفیر کی توجہ اس حقیقت کی جانب مبذول کرائی کہ ان زائرین میں زیادہ تر سڑک کے راستے سفرکرنے والے ہیں اور غیر ضروری تاخیر کے باعث وہ اس سال زیارات نہیں کرسکیں گے۔

ملاقات میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ آج عراقی وزارت خارجہ میں وزارت خارجہ امور کے ایڈیشنل سیکرٹری (مشرق وسطی) کی موجودگی میں دس رجسٹرڈ ٹورسٹ کمپنیوں کا اجلاس بلایا جائے گا تاکہ زائرین کو ویزے کے حصول کے لئے درپیش مسائل کی نشاندہی، تبادلہ خیال اور ان کو حل کیا جاسکے۔

install suchtv android app on google app store