ضمنی انتخابات: فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان بھی کامیاب

ضمنی انتخابات: فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان بھی کامیاب فائل فوٹو ضمنی انتخابات: فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان بھی کامیاب

کراچی کے حلقہ این اے 243 میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عالمگیر خان نے ایم کیو ایم کے امیدوار عامر چشتی کو ہرا دیا۔

کراچی کے حلقہ این اے 243 سے پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا ہے، پی ٹی آئی کے امیدوار عالمگیر خان نے ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار عامر چشتی کو شکست دی۔ عالمگیر خان نے این اے 243 کے ضمنی انتخاب میں 35 ہزار 7 سو 27 ووٹ حاصل کیے۔

یاد رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں عمران خان نے 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور بعدازاں میانوالی کی نشست اپنے پاس رکھ کر دیگر نشستوں سے دستبردار ہوگئے تھے۔ عمران خان کی کراچی کی چھوڑی گئی نشست این اے 243 پر ضمنی انتخاب کے لیے رشید گوڈیل، سبحان ساحل، عالمگیر خان اور اشرف قریشی ٹکٹ حاصل کرنے کے خواہشمند تھے تاہم تحریک انصاف نے عالمگیر خان کو نامزد کیا۔

عالمگیر خان اپنی مدد آپ کے تحت پاکستان میں چلائی جانے والی مہم فکس اٹ کے بانی ہیں، جو کراچی میں شہریوں کو درپیش مسائل کی نشاندہی اپنے انداز سے کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور حکومت میں عالمگیر خان نے اس وقت کے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کی تصاویر سڑکوں پر بنا کر گٹروں پر ڈھکن نہ ہونے کی نشاندہی کی اور اسی سے انہوں نے شہرت حاصل کی اور اب انہوں نے قومی اسمبلی کا انتخاب جیت لیا ہے۔

install suchtv android app on google app store