مسلم لیگ ن کا شہباز شریف کی گرفتاری پر پارلیمان میں احتجاج کرنے کا فیصلہ

مسلم لیگ ن کا شہباز شریف کی گرفتاری پر پارلیمان میں احتجاج کرنے کا فیصلہ فائل فوٹو مسلم لیگ ن کا شہباز شریف کی گرفتاری پر پارلیمان میں احتجاج کرنے کا فیصلہ

مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے پارٹی صدر میاں شہباز شریف کی گرفتاری کیخلاف قومی اور پنجاب اسمبلی کا اجلاس فوری طور پر طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کے زیر صدارت ن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹاؤن میں پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا جس میں میاں شہباز شریف کی گرفتاری اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے میاں شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں قومی خزانے سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا، شہباز شریف کیخلاف ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، اپوزیشن لیڈر کو بغیر شواہد اور مفروضے کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا، ان کی گرفتاری پارلیمنٹ پر حملہ ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس صورتحال میں اپوزیشن کی ریکوزیشن پر قومی اور پنجاب اسمبلی کے اجلاس فوری طور پر طلب کیے جائیں، تاہم اگر ایسا نہ کیا گیا تو اسمبلیوں کے باہر اجلاس ہونگے۔ انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سن لیں، ہمارا احتجاج پارلیمنٹ تک محدود نہیں رہے گا، ن لیگ کا ہر کارکن نواز شریف کی قیادت میں کام کر رہا ہے۔ نواز شریف کی قیادت کسی رولز یا آئینی ضابطے کی پابند نہیں ہے۔ ہم بھرپور احتجاج کرتے ہوئے ہم انتقامی کارروائیوں کو بے نقاب کریں گے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف گرفتاری ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے، ایک مفروضے کی بنیاد پر کی گئی گرفتاری پارلیمنٹ کی توہین کے مترادف ہے۔

install suchtv android app on google app store