حکومت گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے، شہباز شریف

حکومت گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے، شہباز شریف فائل فوٹو حکومت گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے، شہباز شریف

اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب آدمی کے لئے یہ حکومت مشکل پیدا کر رہی ہے۔

قومی اسمبلی میں قائدِ حزِب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں ہماری حکومت نے تمام چیلنجز کا سامنا کیا اور دہشت گردی سے لے کر بجلی بحران جیسے مسائل کو حل کیا۔

اپوزیشن لیڈر میاں شہبا زشریف نے کہا کہ جن لوگوں نے تحریک انصاف کی بنیاد رکھی وہ آج نظر نہیں آ رہے، بہترین ٹیم میدان میں اتارنے کے وعدے کیے گئے لیکن حکومت میں ذاتی دوستوں اور خدمت گاروں کو نوازتے ہوئے عہدوں پر فائز کیا جا رہا ہے۔

میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے دعویداروں نے بڑے بڑے وعدے کئے اور لوگوں کو سبز باغ دکھائے، عام انتخابات میں تبدیلی کے دعویداروں نے الف لیلہ کی داستانیں سنائیں لیکن جن لوگوں نے پی ٹی آئی کو تبدیلی کے نام پر ووٹ دیا آج وہ بھی پریشان ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی یہ حکومت عوام کے ووٹوں کے ذریعے نہیں دھاندلی سے وجود میں آئی، پوری قوم جانتی ہے کہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ انتخابی نتائج کے حوالے سے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں، امید ہے پارلیمانی کمیشن کی رپورٹ جلد مکمل ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے نواز شریف کے قیادت میں بڑی عوام کی خدمت کی، ہم نے غریب کسان کو بلا سود قرضے دیے، ہمارے دور میں غریب کسان کو سستی بجلی فراہم کی گئی، زراعت کی تاریخ کا سب سے بڑا پیکج مسلم لیگ ن نے دیا۔

شہباز شریف نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے چینی وزیرِ خارجہ کا پاکستان آمد پر شاندار استقبال نہیں کیا، انھیں سر آنکھوں پر بٹھانے کی بجائے بے رخی کا مظاہرہ کیا گیا۔ چین کی دوستی کا امتحان لینے کی کیا ضرورت تھی؟

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی جانب سے سی پیک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی اور اس منصوبے کے حوالے سے بے بنیاد باتیں بنائی گئیں حالانکہ پاک چین اقتصادی راہداری اس خطے اور پاکستان کی خوشحالی کا ضامن ہے۔

حکومت کے منی بجٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا کہ غریب آدمی کے لئے یہ حکومت مشکل پیدا کر رہی ہے، یہ بجٹ سب سے زیادہ نچلے طبقے کے لئے مشکلات پیدا کرے گا۔ مجھے وزیرِ خزانہ سے عوام دشمن بجٹ لانے کی توقع نہیں تھی، منی بجٹ کی شکل میں ایک منی مہنگائی کا بم گرایا گیا۔

گیس قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت نے اپنے دور میں ایک دھیلا گیس کی قیمت نہیں بڑھائی لیکن پی ٹی آئی حکومت نے گھریلو صارفین پر گیس بم گرا دیا اور غریب آدمی کا چولہا بند کرنے کی کوشش کی گئی۔

install suchtv android app on google app store