پاکستان کا امن و خوشحالی افغانستان کے امن سے وابستہ ہے، وزیر خارجہ

پاکستان کا امن و خوشحالی افغانستان کے امن سے وابستہ ہے، وزیر خارجہ پاکستان کا امن و خوشحالی افغانستان کے امن سے وابستہ ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا امن اور خوشحالی افغانستان کے امن سے وابستہ ہے۔

واشنگٹن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بطور وزیر خارجہ پہلا دورہ افغانستان کا کیا اور افغان مسئلے کا حل عسکری نہیں سیاسی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خارجہ امور کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی واضح ہے کہ ہاہمی احترام اور برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک سے روابط برقرار رکھنا چاہتے ہیں کیونکہ ہاہمی رابطوں سے ایک دوسرے کی پالیسیوں کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات سے ہمیشہ امریکا نے فائدہ اٹھایا، امریکا سے روابط برقرار رکھنے ہیں لیکن واشنگٹن کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔

بھارتی وزارت خارجہ کا رویہ افسوسناک ہے، شاہ محمود قریشی

بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امن کے لیے بھارت ایک قدم اٹھائے تو ہم دو قدم آگے آئیں گے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت 27ستمبر کو وزرائے خارجہ ملاقات پر راضی ہوا تھا اور ہم بھارتی وزیر خارجہ سے تعلقات میں بہتری کیلیے ملاقات کرنا چاہتے تھے لیکن آمادگی کے بعد ملاقات منسوخی سمجھ سے بالاتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نےکوئی ایسی زبان استعمال نہ کی جو غیر سفارتی ہو لیکن بھارتی وزارت خارجہ کا رویہ افسوسناک ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امن ہمیشہ پاکستان کی خواہش رہی ہے اور کرتار پور کا راستہ کھولنا ہماری امن کی خواہش کی عکاس ہے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکا میں مقیم پاکستانیوں کے کردار کے معترف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی ملکی معیشت کے استحکام کے لیے کردار ادا کر سکتے ہیں، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے بھی امیدیں وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسائل پر قابو پانے کے لیے ملک میں بلا امتیاز احتساب کے عمل کو یقینی بنائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دورہ سعودی عرب فائدے مند رہا، ہم پیسے مانگنے نہیں گئے تھے بلکہ طے پایا تھا کہ دونوں ممالک آپس میں روابط رکھیں گے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر ملاقات بھی ہو گی۔

بیرون ملک رہنے والے پاکستانی بہت اہمیت کے حامل ہیں، امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر

امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود کا دورہ امریکا بہت اہم ہے، وزیر خارجہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی بہت اہمیت کے حامل ہیں اور حکومت پاکستان چاہتی ہے کہ ان پاکستانیوں کو متحرک کیا جائے۔

علی جہانگیر صدیقی کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کی خدمت کے لیے کردار ادا کریں۔

install suchtv android app on google app store