پاکستان اب بھی بھارت سے بات چیت کیلئے تیار ہے، فواد چوہدری

پاکستان اب بھی بھارت سے بات چیت کیلئے تیار ہے، فواد چوہدری فائل فوٹو پاکستان اب بھی بھارت سے بات چیت کیلئے تیار ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بھارتی اخبار کو انٹرویو دیا ہے، کہتے ہیں کہ مذاکرات میں ناکامی کے باوجود پاکستان کرتارپور بارڈر کھولنے کیلئے تیار ہے۔ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان خطے کے دونوں ممالک کے کروڑوں عوام کو غربت سے نکالنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم کی پالیسیوں کا تعلق خالصتاً معیشت سے ہے۔ بھارت نے وزیراعظم عمران خان کی پیشکش رد کرکے ان کی کوششوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ پاکستان اب بھی بھارت کے ساتھ تمام مسائل پر بات چیت کیلئے تیار ہے۔

فواد چوہدری نے ٹیلی فونک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اصل مسئلہ کشمیر کاہے۔ دونوں ملک ایٹمی طاقت ہیں جنگ کی طرف جانا ہمارے حساب سے احمقانہ سوچ ہوگی۔ ہماری پہلی ترجیح بات چیت ہے جبکہ بھارت کی ترجیح پڑوسی ملک کو اندر سے کھوکھلا کرنا ہے۔ ہم اپنے پڑوسی تبدیل نہیں کرسکتے۔ اب بھارت کو فیصلہ کرنا ہوگا۔ْ

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بھارت میں انتخابات قریب ہیں۔ وہاں پاکستان مخالف سوچ بکتی ہے،جبکہ اس کے برعکس پاکستان میں بھارت مخالف سوچ کو کوئی پذیرائی نہیں ملتی۔ پاکستان کے پاس بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری بلوچستان میں بھارتی مداخلت کا واضح ثبوت ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستانی عوام مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد کی حمایت کرتی ہے۔ پاکستان کو کشمیر کے اندرونی معاملات پر موردالزام ٹھہرانا کسی طورپر درست نہیں۔ بھارت پاکستان کو ہر چیز کا الزام دے دیتا ہے جو درست نہیں۔

بھارت اپنی غلطیوں پر غور کرے۔ پاکستان کی مذاکرات کی پیشکش رد کرنے کی وجہ دلی سرکار کی اندرونی چپقلش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ آپ ایک دن پیشکش قبول کریں اور اگلے ہی دن اسے مسترد کردیں۔ پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش رد کرکے بھارت نے نہایت بہترین موقع ضائع کیا۔ ہم نے بھارت کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھادیاہے۔ بھارت کو سوچنا چاہیئے کہ تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی۔

 

install suchtv android app on google app store