ہندوستان اپنے خول سے باہر نہیں نکل پارہا ہے، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی فائل فوٹو شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کا اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ہم منصب سے ملاقات سے معذرت پر حیران ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان خطے کی بہتری چاہتا ہے، خبر سن کر افسوس ہوا‘۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی دہشت گردی کے متعدد ثبوت ہمارے پاس بھی ہیں، تاہم پاکستان ماضی کو چھوڑ کر آگے بڑھنا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو سفارتی آداب کا خیال رکھنا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سوچ مثبت ہے، لگتا ہے کہ پاکستان کا مثبت رویہ بھارت میں سیاست کی نذر ہوگیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’لگتا ہے کہ بھارت میں آنے والے انتخابات کی تیاری کی جارہی ہے، ہندوستان اپنے خول سے باہر نہیں نکل پارہا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ملاقات سے پیچھے ہٹ کر بھارت نے خطے کی خدمت نہیں کی، پاکستان ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اب بھارت سے دوبارہ ملاقات کی درخواست نہیں کرے گا، معاملات وہاں ہی حل ہوتے ہیں جہاں باہمی عزت اور احترام ہو، بھارت کی سیاست تقسیم نظر آرہی ہے۔

جنرل اسمبلی اجلاس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اجلاس سے خطاب میں پاکستان کا مؤقف پیش کروں گا اور کوئی ایسی بات نہیں کروں گا جس سے معاملہ مزید پیچیدہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ معاملات سلجھانا مشکل ہوتا ہے اور الجھانا آسان۔

install suchtv android app on google app store