سیاسی رہنماؤں کے یوم عاشور پر پیغامات

سیاسی رہنماؤں کے یوم عاشور پر پیغامات فائل فوٹو سیاسی رہنماؤں کے یوم عاشور پر پیغامات

میدان کربلا میں حضرت امام حسین  اور ان کے رفقا کی عظیم قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں یوم عاشور انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جارہاہے، اس موقع پر پاکستان کے سیاسی رہنماؤں نے بھی یوم عاشور سے متعلق اپنے پیغامات میں سانحہ کربلا کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا ہے۔

یوم عاشور کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہدائے کربلا کے جذبہ ایثاراور غیر متزلزل ارادے پر عمل پیرا ہو کر تمام مشکلات پر قابو پایاجاسکتا ہے۔ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہہ اوران کے ساتھی جذبہ شہادت کی ایک لازوال مثال ہیں۔

واقعہ کربلا اللہ اوریوم آخرت پرغیر متزلزل ایمان ہے، ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان طاغوتی قوتوں کےسامنے ڈٹ کر کھڑے ہو جائیں۔ اسلام و امن دشمن قوتیں اپنے مذموم مقاصد کیلئے معاشرے میں انتشار پھیلارہی ہیں،شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ خود کو انسانیت کیلئے وقف کرناہے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا کہ یوم عاشور سچائی اور باطل قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہونے کا درس دیتا ہے، یہی وہ راستہ ہے جس پر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں عمل پیرا ہونے کا درس دیا ہے، میدان کربلا میں حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اوران کے ساتھیوں نے بے مثال قربانیوں پیش کیں۔

سابق صدر آصف زرداری نے بھی حضرت امام حسین علیہ السلام کو نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نواسہ رسول نے انسانیت کو حق کی خاطر قربانی کا درس دیا ،امام عالی مقام نے اپنی اور اپنے پیاروں کی قربانی دیکر باطل کو شکست دی ، واقعہ کربلا انسانیت کے علمبرداروں کیلئے مشعل راہ ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں نے دین اسلام کے آفاقی اصولوں صبر ، برداشت اور قربانی کو قیامت تک کیلئے زندہ کردیا ہے۔ حضرت حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہہ اور ان کے جانثاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے باطل کے سامنے نہ جھکنے کا درس دیا۔

انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے کردار اور عمل سے حق کی آواز کو بلند کرنا اور انسانی اقدار کا تحفظ سکھایا، اور مظلوم انسانیت کو ظالمانہ نظام اور ظلم و جبر کیخلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پُرامن معاشرے کی تشکیل کیلئے حضرت حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہہ کی تعلیمات اور افکار پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے۔ شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو مشعل راہ بنا کر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے، معاشرے میں ایثار ،اخوت،برداشت کے جذبات کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔

install suchtv android app on google app store