ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت واحترام سے منایا گیا

یوم عاشور کا جلوس فائل فوٹو یوم عاشور کا جلوس

دینِ حق کی سر بلندی کے لیے امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء کی بے مثال قربانی کی یاد میں ملک بھر میں آج ماتمی جلوس نکالے گئے۔

نواسہ رسول ﷺ اور ان کے ساتھیوں نے کربلا کے میدان میں 10 محرم کو اسلام کی بقاء کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ایسی مثال قائم کی، جس نے رہتی دنیا تک حق اور باطل کے درمیان واضح حد قائم کردی۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں رہنے والے مسلمانوں نے حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا، ان کی یاد میں ماتمی جلوس نکالے گئے اور عزاداری کی گئی۔

یوم عاشور کے سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں میں سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر بند کی گئی موبائل فون سروس بحال ہو گئی ہے جب کہ رات 12 بجتے ہی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی بھی ختم ہو گئی ہے۔

کراچی

کراچی میں یوم عاشور کی مرکزی مجلس صبح نشتر پارک میں ہوئی، جہاں شہنشاہ حسین نقوی نے مجلس سے خطاب کیا۔

مجلس کے بعد جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جس کی قیادت ابو تراب اسکاؤٹس نے کی۔

کراچی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینہ ایرانیاں پر پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔

جلوس کی سکیورٹی پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات رہی جب کہ شہر کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔

آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے پولیس افسران کو مجالس کی غیرمعمولی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ داخلی اور خارجی راستوں پر مربوط روابط کے تحت سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں جبکہ انٹیلی جنس کو بھی علاقوں کی سطح تک بڑھایا جائے۔

لاہور

لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔

پشاور

پشاور سے بھی 10 محرم الحرام کے 12 جلوس برآمد ہوئے۔ اس سلسلے میں پہلا جلوس امام بارگاہ آغا سید علی شاہ رضوی سے برآمد ہوا جبکہ آخری جلوس آغا سید میر فضل علی شاہ رضوی سے برآمد ہوا۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں مرکزی جلوس صبح 9 بجے علمدار روڈ پر رحمت اللہ چوک، پنجابی امام بارگاہ سے برآمد ہوا، جس کی قیادت بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤد نے کی۔

عاشورہ کےجلوس میں 20 سے زائد ماتمی دستے شامل تھے، اس دوران جلوس کے روٹ کو جانے والے تمام راستے سیل رہے جبکہ سیکیورٹی کے لیے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات رہی۔

install suchtv android app on google app store