پاک، بھارت میں کرتارپورہ بارڈر کھولنے پر رابطہ نہیں ہوا: ترجمان دفترخارجہ

پاک، بھارت میں کرتارپورہ بارڈر کھولنے پر رابطہ نہیں ہوا: ترجمان دفترخارجہ پاک، بھارت میں کرتارپورہ بارڈر کھولنے پر رابطہ نہیں ہوا: ترجمان دفترخارجہ

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہےکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتار پورہ بارڈر کھولنے پر باضابطہ رابطہ نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹر اور کامیڈین نوجوت سنگھ سدھو نے شرکت کی تھی اور اس دوران ان کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے غیر رسمی گفتگو بھی ہوئی تھی جس سے متعلق سدھو کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ نے بابا گرونانک کے جنم دن پر کرتارپورہ کا راستہ کھولنے کا کہا ہے۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر رد عمل میں کہا کہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت جاری ہے، 14 افراد کو مزید قتل کردیا گیا، بھارتی فورسز کے نہتے کشمیریوں پر ظلم کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے حالیہ دورۂ افغانستان پر ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ کا دورہ مثبت رہا، جلال آباد قونصل خانہ کھولنے سے متعلق بات چیت ہوئی ہے، سیکیورٹی ملنے کے بعد قونصل خانہ کھول دیا جائے گا اور امید ہے کہ سیکیورٹی کی فراہمی کے اقدامات جلد ہو جائیں گے جب کہ پاک افغان مشترکا میکنزم کا اجلاس اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں ہوگا۔

پاک چین تعلقات پر ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ چین کے ساتھ ہرموضوع پر ہمیشہ بات کرتے ہیں، چینی وزیر خارجہ کے دورے میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا تھا کہ کرتار پورہ بارڈر کھولنے پر دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ رابطہ نہیں ہوا۔

ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کے بارے میں فیصلہ نہیں ہوسکا تاہم ملاقات کے لیے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پربات چیت جاری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل نے کہاکہ وزیراعظم کی پاک بھارت میچ میں شرکت کے حوالے سے علم نہیں۔

وزیراعظم کے دورۂ سعودی عرب پر ان کا کہنا تھاکہ سعودی عرب سے امدادی پیکج کے حوالے سے علم نہیں، اس سے متعلق وزیراعظم کے دورے کے اختتام پر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store