برطانوی سیکریٹری داخلہ کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، باہمی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال

برطانوی سیکریٹری داخلہ کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات فائل فوٹو برطانوی سیکریٹری داخلہ کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات

برطانیہ کے سیکریٹری داخلہ ساجد جاوِد نے دفترِ خارجہ میں وفاقی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق برطانوی سیکریٹری داخلہ 17 سمتبر کو دفتر خارجہ پہنچے جہاں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں علاقائی و باہمی تعاون، انسدادِ دہشت گردی، منظم جرائم، انسانی اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، اثاثہ جات کی وصولی اور بالخصوص خطے کی سیکیورٹی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیرِ خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے اور تعلقات میں ایک قابلِ قبول اور کثیر الجہتی اسٹریٹجک شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔

شاہ محمود قریشی نے برطانوی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی جانب سے پاکستان کے سماجی و اقتصادی سیکٹر کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کرنے پر اظہارِ تشکر کیا۔

اس موقع پر ساجد جاوِد نے برطانوی حکومت کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفادات کے لیے مزید کام کرنے کی خواہش کا پیغام پاکستان حکومت تک پہنچایا۔

install suchtv android app on google app store