وزیراعظم کی کراچی آمد، گورنر و وزیراعلی کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

وزیراعظم عمران خان کی مزار قائد پر حاضری اسکرین گریب وزیراعظم عمران خان کی مزار قائد پر حاضری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ کراچی پہنچ گئے۔

کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا۔

شہر قائد پہنچنے کے بعد عمران خان نے سب سے پہلے مزار قائد پر حاضری دی اور وہاں پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر عمران خان کو سلامی بھی پیش کی گئی جبکہ وزیر اعظم نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے ، جس کے بعد عمران خان نے مزار قائد کے احاطے میں مدفون قائد ملت لیاقت علی خان اور مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی قبور پر بھی حاضری دی۔

عمران خان کے دورے کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور مزار قائد اور دیگر مقامات کے اطراف پولیس، رینجرز کے اہلکار تعینات تھے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی مزار قائد پر حاضری سے ایک روز قبل نومنتخب صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ مزارِ قائد پر حاضری دی تھی اور مزار پر پھول چرھائے تھے اور فاتحہ خوانی بھی کی تھی، جس کے بعد مہمانوں کی کتاب میں انہوں نے اپنے تاثرات بھی لکھے تھے۔

مزار قائد پر حاضری کے بعد وزیر اعظم اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس روانہ ہوں گے، جہاں وہ پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے، اس کے ساتھ ساتھ وہ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیر اعظم کے دورہ کراچی کے دوران انہیں وفاقی حکومت کی جانب سے چلنے والے منصوبوں سے متعلق بھی بریفنگ دی جائے گی، جس کے بعد اس بات کا بھی امکان ہے کہ عمران خان کی جانب سے کراچی کے لیے بڑے پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔

اپنے ایک روزہ دورے میں وزیر اعظم کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس بھی ہوگا، جس میں گورنر، وزیر اعلیٰ ، کورکمانڈر کراچی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔

دورہ کراچی میں وزیر اعظم تاجروں اور صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو بھی کی جائے گی۔

اس کے بعد وزیر اعظم عمران خان گورنر ہاؤس میں ایک فنڈریزنگ عشایئے میں بھی شریک ہوں گے، جس کے اختتام کے بعد وہ دوبارہ اسلام آباد روانہ ہوجائیں گے۔

خیال رہے کہ 18 اگست کو وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کا یہ پہلا دورہ کراچی ہے۔

install suchtv android app on google app store