فاٹا میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے درکار فنڈز سے زائد وسائل مہیا کریں گے: وزیراعظم

وزیراعظم وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ فاٹامیں ترقیاتی منصوبوں کے لیے درکار فنڈز سے زائد وسائل مہیا کریں گے۔

وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدرات فاٹا انضمام سے متعلق اجلاس ہوا جس میں قبائلی علاقہ جات کے انضمام میں پیش رفت اور انتظامی و قانونی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فاٹا انضمام اور قبائلی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان ہدایت کی کہ قبائلی رسم و رواج کے پیش نظر نئے نظام کا نفاذ قابل عمل بنایا جائے اور نئے نظام کے اطلاق میں قبائلی عوام کی مشاورت بھی یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعظم نے قبائلی علاقوں کے نوجوانوں کے لیے روزگار فراہمی کے مزید مواقع یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خیال رکھا جائے کہ انتظامی اقدامات کے نتیجے میں کوئی فرد بے روزگار نہ ہو، قبائلی علاقوں کے لیے اسکولز، کالجز، یونیورسٹیز میں مختص کوٹہ بھی متاثر نہ ہو۔

عمران خان نے اجلاس میں سابقہ قبائلی علاقوں میں لوکل گورنمنٹ نظام رائج کرنے کی کوشش تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سابقہ قبائلی علاقوں میں جلد از جلد لوکل گورنمنٹ سسٹم کا نفاذ کیا جائے۔

وزیر اعظم نے ضم ہونے والے قبائلی علاقوں میں صحت، تعلیم بہتر بنانے خاص طور پر ان علاقوں میں بچیوں کے اسکول بہتر بنانے کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے حکم دیا کہ فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے لیے طریقہ کار جلد وضع کیا جائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ فاٹا میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے درکار فنڈز سے زائد وسائل مہیا کریں گے اور این ایف سی ایوارڈ میں بھی فاٹا کے ترقیاتی پیکج کے لیے کردار ادا کریں گے۔

install suchtv android app on google app store