صدر مملکت عارف علوی نے 13ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

صدر مملکت عارف علوی نے 13ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا فائل فوٹو صدر مملکت عارف علوی نے 13ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

نومنتخب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کے 13ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔

ایوان صدر میں جاری تقریب حلف برداری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے صدر عارف علوی سے حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں وزیراعظم عمران خان، چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیر محمود حیات موجود ہیں۔

تقریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور شاہ فرمان بھی شریک ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی ایوان صدر میں موجود ہیں۔

نو منتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی حلف اٹھانے کے بعد جب حلف نامے پہ دستخط کریں گے تو اس کے ساتھ ہی ممنون حسین کی پانچ سالہ مدت صدارت ختم ہو جائے گی۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عارف علوی 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں 353 الیکٹورل ووٹ لے کر ملک کے آئندہ صدر کی حیثیت سے منتخب ہوئے تھے۔

نو منتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی نے زمانہ طالب علمی سے سیاست میں حصہ لینا شروع کیا اور 1996 میں پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھنے والوں میں شامل تھے

پیشے کے اعتبار سے نو منتخب صدر ڈینٹسٹ ہیں جو پہلی بار 2013 کے انتخابات میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

سبکدوش صدر کو گارڈ آف آنر

سبکدوش ہونے والے صدر مملکت ممنون حسین کو مدت صدارت ختم ہونے پر گزشتہ روز الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، سابق صدر نے گارڈ آف آنر کے بعد ایوان صدر کے ملازمین سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور پھر ممنون حسین ایوان صدر سے روانہ ہوئے۔

اس موقع پر صدر ممنون حسین نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ آئین وقانون کی پاسداری اور اچھی حکمرانی میں ہی وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی پوشیدہ ہے۔

ممنون حسین نے کہا کہ وہ عہدہ صدارت چھوڑتے وقت اس بات پر مطمئن ہیں کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اپنے اختیارات اور آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کیا۔

صدر ممنون حسین نے ایوانِ صدر کے عملے کا شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون سے وہ اپنی سرکاری ذمہ داریاں احسن انداز میں پوری کر پائے۔

 

 

 

install suchtv android app on google app store