پاکستان کی بقاء کیلئے نواز شریف کو آزادی دلانا ہوگی: سعد رفیق

سعد رفیق فائل فوٹو سعد رفیق

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہناہےکہ پاکستان کی بقاء کے لیے نواز شریف کو آزادی دلانا ہوگی۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کےرہنما آصف کرمانی کے والد سعید کرمانی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کے دوران خواجہ سعد رفیق نے میاں نوازشریف کی سزا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سزا دینے کے بعد اب ثبوت ڈھونڈے جارہے ہیں، ہزاروں لوگوں کے ساتھ نواز شریف عدلیہ کی آزادی کے لیے نکلے تھے، عدلیہ تحریک سے قبل نوازشریف کو ایک بار دوبارہ سوچنے کو کہا تھا۔

انہوں نےکہا کہ ہم سمجھتے تھے کہ ہمیں تحفظ دیا جائے گا لیکن ہمیں کہاں لا کر کھڑا کر دیا، ایک ایسے آدمی کو لاکر بٹھا دیا گیا وہ منتخب ہے ہی نہیں، یہ آدمی جس کو وزیراعظم بنا دیا گیا اس وقت یہ چھپا رہا۔

(ن) لیگ کے رہنما کا کہنا تھاکہ نئے پاکستان کو 22 دن ہو گئے صرف بونگیاں ماری گئیں، چینی سفیر یہاں آئے، ہماری تو چھوڑیں ان کی بھی عزت نہیں کی گئی۔

سعد رفیق نے کہاکہ ہم بھی ہزاروں لوگوں کو نکال کر باہر لا سکتے ہیں لیکن ہم نے اس الیکشن کا حلف اٹھایا ہے جو لولی لنگڑی ہے، جب تک نواز شریف جیل میں ہے تب تک یہ کانٹا چبھا رہے گا، پاکستان کی بقاء کے لیے نواز شریف کو آزادی دلانا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو انار کی جانب نہ لے جایا جائے، آپ کو لوگوں کو آج نہیں تو کل حقوق دینے ہوں گے۔

install suchtv android app on google app store