سابق وزیراعظم نواز شریف کے اہلخانہ کو آج کیلئے ملاقات کا وقت دے دیا گیا

سابق وزیراعظم نواز شریف کے اہلخانہ کو آج کیلئے ملاقات کا وقت دے دیا گیا فائل فوٹو سابق وزیراعظم نواز شریف کے اہلخانہ کو آج کیلئے ملاقات کا وقت دے دیا گیا

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف سے اہل خانہ کی ملاقات کے لیے آج کا وقت دے دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف سے ملاقات کے لیے شریف خاندان کے 19 افراد نے درخواست دی تھی اور اس حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو آگاہ کر دیا۔

اڈیالہ جیل میں جمعرات قیدیوں سے ملاقات کا دن مخصوص ہے اور اسی روز شریف خاندان کے افراد سمیت لیگی رہنما نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کے لیے آتے ہیں۔

عید کی تعطیلات کے باعث شریف خاندان کا کوئی بھی فرد نواز شریف سے ملاقات نہ کرسکا تاہم شریف خاندان کے افراد کی جانب سے جمعہ کے روز ملاقات کے لیے درخواست دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 سال قید کی سزا کا حکم دیا تھا۔

نواز شریف اپنی صاحبزادی کے ہمراہ 13 جولائی کو لندن سے وطن واپس آئے تو سیکیورٹی فورسز نے انہیں لاہور ایئرپورٹ سے ہی حراست میں لیتے ہوئے اڈیالہ جیل منتقل کردیا تھا جہاں وہ اب بھی قید ہیں۔

install suchtv android app on google app store