چیئرمین سینیٹ وطن واپس پہنچ گئے

چیئرمین سینیٹ وطن واپس پہنچ گئے فائل فوٹو چیئرمین سینیٹ وطن واپس پہنچ گئے

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی چین کا پانچ روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں، چیئرمین سینٹ 15اگست کی رات پارلیمانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے چین روانہ ہوئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے دورے کے دوران چیئرمین سینٹ اور پارلیمانی وفد نے اہم سیاسی اور حکومتی نمائندوں سے ملاقاتیں کیں،جن میں پاکستان اور چین کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مستحکم بنانے دونوں ملکوں کے مابین تجارتی عدم توازن کو دور کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا

دورے کے دوران چیئرمین سینٹ نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرنے اور گوادر ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کی بھی دعوت دی، پارلیمانی وفد کے اس دورے کے دوران چینی قیادت نے چیئرمین سینٹ کی نوجوان قیادت اور دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید مربوط اور مستحکم بنانے کے عزم کو سراہا۔

دوسری جانب اٹھارہ اگست کو پیپلز پارٹی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے انتخاب میں شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے درخواست جمع کرائی تھی، جس پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی فیصلہ کرینگے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں نے راجہ ظفرالحق کو ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف نامزد کردیا ہے،راجہ ظفر الحق کی نامزدگی میں جے یو آئی (ف)، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی نے حمایت کی ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق گزشتہ دور حکومت میں سینیٹ میں قائد ایوان تھے جب کہ اس وقت پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ہیں۔

اس سے قبل قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے دوران شہبازشریف نے بلاول بھٹو زرداری کی نشست پر جاکر ان سے حمایت کی درخواست کی تاہم انہوں نے معذرت کرلی جب کہ پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کے انتخاب کے بعد قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے کیے جانے والے احتجاج میں بھی حصہ نہیں لیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کے امیدوار کے لیے شہبازشریف کی نامزدگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا تاہم مسلم لیگ (ن) نے یہ مطالبہ ماننے سے انکار کردیا تھا۔

install suchtv android app on google app store