دہشت گردی کے خاتمے کیلیے عالمی برادری کے ساتھ ہیں: وزیراعظم

وزیراعظم پاکستان عمران خان فائل فوٹو وزیراعظم پاکستان عمران خان

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان عالمی برادری کے ساتھ ہے عالمی برادری دہشت گردی کے متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کرے۔

دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے لیے دنیا میں پہلی بار منائے جانے والے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دہشت گردوں کے ہاتھوں تکلیف پہنچنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آج قانون نافذ کرنے والے اداروں، مسلح افواج کو سراہنے اور عوام کے تحفظ کے لیے بے پناہ قربانیاں دینے والوں کا دن ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں شہری اور سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، سانحہ اے پی ایس کے متاثرین کو اپنے خیالات اور دعاؤں میں یاد رکھتے ہیں اے پی ایس حملے کے 130 شہداء کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نقصانات کے باوجود ہمارا دہشت گردی کے خلاف جنگ کا عزم پختہ ہے، عالمی برادری مل کر دہشت گردی کے متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کرے، حکومت پاکستان نے متاثرین کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، عارضی نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی کی گئی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو اور لواحقین کی مالی معاونت کی گئی۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے میں عالمی برادری کے ساتھ ہے دہشت گردی کے متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کرنے کا اعادہ کرتے ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store