بی اے پی کا پی ٹی آئی کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

بی اے پی کا پی ٹی آئی کی غیر مشروط حمایت کا اعلان فائل فوٹو بی اے پی کا پی ٹی آئی کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے ساتھ ملاقات میں انھیں وفاق کے ساتھ بھرپور انداز میں چلنے اور غیر مشروط حمایت کا یقین دلایا ہے۔

بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کا وفد جام کمال کی سربراہی میں بنی گالا پہنچا، جہاں ان کی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات ہوئی۔

اس اہم ملاقات میں انتخابات 2018ء کے بعد پیدا ہونے والی موجودہ سیاسی صورتحال، وفاق اور بلوچستان میں حکومت سازی کے معاملات زیر غور آئے۔ دونوں جماعتوں نے مرکز اور بلوچستان میں ایک دوسرے سے تعاون کا اعلان کیا۔

عمران خان کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں جام کمال کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں بھی تحریکِ انصاف کے ساتھ تعاون کیا تھا، اب بھی وفاق میں ہمارے چاروں رکن قومی اسمبلی پی ٹی آئی کی حمایت کریں گے۔ ہم بنی گالا سے اچھا پیغام لے کر جا رہے ہیں، دونوں جماعتیں ایک دوسرے کی سپورٹ اور ملک کی ترقی کیلئے مل کر کام کریں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی جماعت کو بلوچستان میں حکومت سازی کے لئے 19 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جبکہ چار آزاد ارکان نے بھی حکومت سازی کیلئے رابطہ کیا ہے۔

جام کمال کی سربراہی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد میں زبیدہ جلال، خالد مگسی، احسان اللہ ریگی اور اسرار ترین شامل تھے۔ چاروں اراکین نے قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

install suchtv android app on google app store