اپوزیشن لیڈر اور اسپیکر کا کردار قابلِ تعریف ہے، ہمیشہ اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی: وزیرِ اعظم

اپوزیشن لیڈر اور اسپیکر کا کردار قابلِ تعریف ہے اپوزیشن لیڈر اور اسپیکر کا کردار قابلِ تعریف ہے

وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کردار قابلِ تعریف ہے، کیونکہ انہوں نے پارلیمنٹ کے 5 سالہ دور میں ہمیشہ جمہوریت کی بالادستی کی بات کی اور اپوزیشن کی مثالی قیادت کی۔

قومی اسمبلی میں اپنا الوداعی خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں تقاریر کے دوران اپوزیشن لیڈر نے سختی بھی دکھائی لیکن انہوں نے ہمیشہ جمہوری الفاظ کا استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے 5 سالہ دور میں جمہوریت کو خطرات بھی لاحق ہوئے، لیکن اپوزیشن کے مثبت کردار کی وجہ سے جمہوریت برقرار رہی اور ان خطرات کا سامنا کیا گیا۔

کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کراچی کے حالات انتہائی کشیدہ تھے، تاہم وہاں پر موجود تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قومی اتفاقِ رائے پیدا کیا اور وہاں پر حالات بہتر کیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اب کراچی میں صرف ویسے ہی حالات ہیں جیسے دنیا کے کسی بھی بڑے شہر کے ہوتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی تعریف کرتے ہوئے وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ہمیشہ اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی، اور غیر جانبداری سے ایوان کے امور چلائے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مدت پوری کرنے والی حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہوتی ہے، 2013 کے مقابلے میں آج سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت بھی بہتر ہوئی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھا۔

وفاق کے زیرِانتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا انضمام کے معاملے پر اتفاقِ رائے قائم ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پالیا گیا، اور ملک میں پہلی بار کوئلے کے منصوبے مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہی لے کر آئی ہے۔

میڈیا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئندہ انتخابات کے لیے میڈیا کی آزادی انتہائی ضروری ہے، کیونکہ اس وقت میڈیا کے ہی ذریعے حکومت پر الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں، اگر میڈیا آزاد ہوتا تو ان الزامات کا میڈیا کے ذریعے ہی جواب دیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر حکومت نے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے جبکہ افغانستان کے مسئلے پر عالمی طاقتیں پاکستان کے موقف کی تائید کرتی ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا۔

install suchtv android app on google app store