سی پیک وقتی نہیں نسلوں کا منصوبہ ہے، وزیراعظم

وزیراعظم فائل فوٹو وزیراعظم

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ سی پیک کے ذریعے افغانستان اور مغربی چین کو بھی رسائی مل سکے گی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی پیک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نےکہا کہ سی پیک کے ذریعے افغانستان اور مغربی چین کو بھی رسائی مل سکے گی، افغانستان سمجھتا ہے سی پیک سے افغانستان کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سی پیک کے تحت پراجیکٹس معاشی اورماحولیاتی تسلسل کےاصولوں پربن رہے ہیں اور منصوبے کے تحت تاجروں کو کاروبار بڑھانے میں بھی مدد ملے گی، ان کا کہنا تھا کہ 2015 تک سی پیک سے کوئی آگاہ نہیں تھا، چینی صدر نے علاقائی روابط کا منصوبہ پیش کیا۔ سی پیک وقتی نہیں بلکہ نسلوں کا منصوبہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کےتحت توانائی کے دو منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، ایک مکمل ہونے جارہا ہے۔ سی پیک کے تحت موٹر ویز بنائی جا رہی ہیں۔ منصوبے کے باعث تھر کول سے بجلی کے حصول کا خواب پورا ہوگا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اقتصادی راہداری کے منصوبے سے تجارت کو فروغ ملے گا۔ معاشی فوائد کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کو مد نظر رکھا جا رہا ہے، پاکستان سی پیک سے نہ صرف اپنی ترقی بلکہ خطے کی خوشحالی چاہتا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے ، ایئرپورٹ پر گورنر سندھ محمد زبیر نے وزیر اعظم کا استقبال کیا، وزیراعظم کو لوڈشیڈنگ کے معاملے پر وفاق اور سندھ میں جاری سرد جنگ کے باعث کراچی آنا پڑا۔

install suchtv android app on google app store