سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز لندن روانہ

سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز فائل فوٹو سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز

سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز اور نواسی کے ہمراہ لندن روانہ ہوگئے۔

سابق وزیراعظم علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نجی پرواز کے ذریعے بذریعہ قطر لندن پہنچیں گے جہاں وہ اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے۔

نواز شریف 22 اپریل کو دوبارہ وطن واپس آئیں گے اور ان کے ٹکٹ پر یہی تاریخ درج ہے۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے لندن روانگی سے قبل ایک ٹوئٹ کی، جس میں انہوں نے کہا کہ امی کی عیادت کے لئے لندن جا رہے ہیں، اگر عدالت نے حاضری سے استثنیٰ نہ دیا تو آئندہ سماعت سے پہلے ہی انشاءاللہ واپس آجائیں گے۔

مریم نواز نے اپیل کی کہ ان کی والدہ کو خصوصی دعاؤں میں یاد رکھا جائے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت 23 اپریل کو ہونا ہے۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے گزشتہ روز بذریعہ ٹوئٹ بتایا تھا کہ ان کی والدہ کو ایک مرتبہ پھر اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے جب کہ انہوں نے عوام سے دعاؤں کی بھی اپیل کی تھی۔

یاد رہے کہ کلثوم نواز کے گلے میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جس کے علاج کے سلسلے میں وہ گزشتہ چند ماہ سے لندن میں موجود ہیں۔

برطانوی ڈاکٹرز، بیگم کلثوم نواز کی گزشتہ 7 ماہ میں 6 بار کیمو تھراپی کرچکے ہیں اور اسی عرصے کے دوران ان کی 3 بار سرجری بھی کی جاچکی ہے۔

install suchtv android app on google app store