سی پیک ملکی معیشت کے لئے آکسیجن ہے، احسن اقبال

سی پیک ملکی معیشت کے لئے آکسیجن ہے، احسن اقبال فائل فوٹو سی پیک ملکی معیشت کے لئے آکسیجن ہے، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے سی پیک کو پاکستان کی معیشت کے لئے آکسیجن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے سے بجلی کی فراہمی سے صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوا اور روزگار پیدا ہو رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں جاری باؤ فورم سالانہ کانفرنس برائے ایشیاء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی پیک نے پاکستان اور چین کی دوستی کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان توانائی اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری نے معیشت میں گروتھ پیدا کی ہے، اس کی کامیابی کیلئے تمام جماعتیں اور صوبائی حکومتیں متفق ہیں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک دنیا میں علاقائی تعاون کے نمایاں ترین منصوبوں میں شامل ہو چکا ہے جس کے ذریعہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے ۔وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ گوادر بندرگاہ ایشیا کی صف اوّل کی بندرگاہ بن کر ابھرے گی، وفاقی حکومت کی خصوصی دلچسپی کے باعث گوادر میں بنیادی انفراسٹکچر تعمیر کیا جا رہا ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ ٹیکس، کسٹمز اور سفر کی پالیسیوں کو ہم آہنگ کرنا ضروری ہے تاکہ کارگو اور افراد با آسانی آجاسکیں، پاکستان دوہزار پچیس وژن میں ترقی محض سرمایہ کی افزائش کا نام نہیں اس کا ہدف غربت کا خاتمہ ہے۔کانفرنس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پاکستانی وفد کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

کانفرنس سے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی ،چین کے صدر شی جن پنگ اور سالانہ فورم میں شریک دوسرے رہنماؤ ں کے ہمراہ فورم میں کلیدی خطاب کریں گے، جبکہ وزیراعظم چینی اور دوسرے عالمی رہنماؤ ں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اس سے قبل چینی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ اقتصادی راہداری کے ذریعے مشترکہ مستقبل کے معاشرے کی تعمیر میں ایک اہم شراکت دار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت شروع کئے گئے توانائی کے منصوبوں کی بدولت پاکستان میں بجلی کے بحران کا خاتمہ ہوا ہے اور قومی گرڈ میں ہزاروں میگاواٹ بجلی شامل کی گئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا ابتدائی مرحلہ انتہائی اچھے انداز میں مکمل کیا گیا ہے جس کے تحت سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے اور گوادر کی بندرگاہ کا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان اب خصوصی زونز کے قیام سمیت منصوبے کے اگلے مرحلہ کا خواہاں ہے جس سے نہ صرف ملک کی اقتصادی اور صنعتی بنیاد مضبوط ہوگی بلکہ روزگار کے ہزاروں مواقع بھی پیدا ہونگے۔

شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پاکستان کا نہ صرف چین بلکہ وسطی اور جنوبی ایشیاء اور دنیا کے دیگر حصوں سے بھی رابطہ قائم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس سے دوطرفہ تجارت اور علاقائی تجارت، اقتصادی روابط اور اقتصادی ترقی کے فروغ میں مدد ملے گی۔

install suchtv android app on google app store