نواز شریف کبھی ملک چھوڑ کر نہیں جائیں گے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق فائل فوٹو اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کبھی ملک چھوڑ کر نہیں جائیں گے، وہ ہر چیز کا سامنا کرتے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں منعقدہ یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر ایاز صادق نے کہا' اگر نواز شریف کو چند دن کا استثنیٰ مل جاتا اور وہ یہاں آکر بیگم صاحبہ (کلثوم نواز) کی عیادت کرلیتے تو اس میں کوئی حرج نہیں تھا'۔

ان کا کہنا تھا کہ' انسانیت کا بھی تقاضا ہے کہ بیمار کی عیادت کی جائے'۔ واضح رہے کہ حال ہی میں احتساب عدالت نے لندن میں زیر علاج اہلیہ کی عیادت کی غرض سے نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی تھی۔

سابق وزیراعظم کی اہلیہ اور رکن قومی اسمبلی بیگم کلثوم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا ہیں اور گذشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں اسپیکر ایاز صادق نے مزید کہا کہ 'نواز شریف کبھی ملک چھوڑ کر نہیں جائیں گے، وہ ہر چیز کا سامنا کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود بھی بیگم کلثوم نواز کی عیادت کرنے جائیں گے۔

install suchtv android app on google app store