عدالتوں میں عوامی نمائندوں کو مافیا اور ڈاکو کہنا قابل قبول نہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی فائل فوٹو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عدالتوں میں عوامی نمائندوں کو مافیا، چور اور ڈاکو کہنا کسی صورت قبول نہیں ہے۔

حافظ آباد میں مستحقین میں صحت کارڈز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سیاست کے فیصلے پولنگ اسٹیشنوں میں ہوتے ہیں اور فیصلہ عوام کا ہی مقدم ہوتا ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عدالتیں جو فیصلے کرتی ہیں اسے قبول کرتے ہیں چاہے لوگ اور تاریخ قبول کرے یا نا کرے لیکن پارلیمنٹ کا بنایا ہوا قانون ختم یا رد کرنے کو قبول نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں عوامی نمائندوں کو مافیا، چور اور ڈاکو کہنا قابل قبول نہیں، ادارے اپنی حدود میں رہ کر اپنا کام کریں اور دوسروں کے کام میں مداخلت نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کے فیصلے عوام پولنگ اسٹیشن میں کرتے ہیں، ایک فیصلہ لودھراں میں سامنے آیا ہے جس میں عوام نے نواز شریف کی سیاست کا فیصلہ کر دیا ہے اور ایک فیصلہ جولائی 2018 میں بھی سامنے آئے گا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارلیمنٹ ایسا ادارہ ہے جس کا ہر 5 سال بعد احتساب ہوتا ہے لیکن ضرورت اس بات کی کہ ہر ادارہ اپنا کام کرے دوسروں کے کام نہ کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ ادارے ایک دوسرے کا احترام کریں اور ہر ادارہ اپنی آئینی حدود کے اندر رہ کر کام کرے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے، عوامی نمائندے اپنی خدمت کر سکتے ہیں یا ملک کی، دونوں ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

install suchtv android app on google app store